دھمکی آمیزکال کے بعدمیٹروبس سروس ساڑھے تین گھنٹے کیلئے بند

December 19, 2018

راولپنڈی ، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، اپنے رپورٹر سے) دھمکی آمیزکال کے بعدمیٹروبس سروس ساڑھے تین گھنٹے کے لئےروک دی گئی۔ذرائع کے مطابق منگل کوراولپنڈی پولیس کے ایک سینئرافسرکوکال موصول ہوئی کہ راولپنڈی اسلام آبادمیٹروسٹیشن کوبم سے اڑا دیا جائیگا،میٹروسٹیشن پربم نصب کیاگیاہے جس کے بعددن پونے دوبجے بس سروس روک دی گئی، دونوں شہروں کی پولیس نے میٹروبس سٹیشنزخالی کرالئے اورسپیشل برانچ کی بم ڈسپوزل ٹیموں کوطلب کرلیاگیا اس دوران پولیس نے تمام سٹیشنوں پرسرچنگ کرائی اورسکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعدسواپانچ سروس دوبارہ بحال کردی گئی۔اس دوران خوف وہراس پھیل گیا۔ذرائع کاکہناہے کہ دھمکی آمیزکال کراچی سے کی گئی۔ اپنے رپورٹر کے مطابق اس حوالے سے رابطہ کرنے پر میٹرو بس اتھارٹی کے جنرل منیجرآپریشن عزیر شاہ نے بتایا کہ جڑواں شہروں کی پولیس کی میٹرو ٹریک اور اسٹیشنز پر فرضی مشق کی وجہ سے بس سروس کو بند کرایا گیا تھا۔جونہی فورسز نےمیٹروکوریڈور خالی کیا سروس شروع کردی گئی۔