ٹھگز آف پاکستان میں مراد علی شاہ کا کردار اہم، استثنیٰ نہیں ملے گا، تحریک انصاف

January 08, 2019

اسلام آباد (نیوز ایجنسیز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ ٹھگز آف پاکستان میں مراد علی شاہ کا اہم کردار ہے ، انہیں استثنیٰ نہیں ملے گا ، سپریم کورٹ کے حکم پر لڈیاں ڈالنے والے فیصلہ پڑھ لیں ، نیب دونوں سے تحقیقات کرے گا ، عہد نہیں کردار کی وجہ سے ای سی ایل میں نام ڈالا گیا ، وزیراعلیٰ سندھ کا کرپشن میں نام آنا انتہائی شرمناک ہے ، ان کے استعفے کا مطالبہ برقرار ہے ، آصف علی زرداری ہی اومنی گروپ کے اصل مالک ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آج فلم ٹھگز آف پاکستان میں وقفہ چل رہا ہے، کردار کی وجہ سے ای سی ایل میں نام ڈالے جاتے ہیں اور وزیر اعلیٰ سندھ کا نام گھناؤنی کرپشن پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ بار بار انتقام کی چیخیں ماری جاتی ہیں، یہ کہنا غلط ہےکہ تحریک انصاف کی حکومت نے مقدمات شروع کیے، تمام مقدمات 2015ء اور 2016ء کے درمیان شروع ہوئے تھے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ کا کہنا تھا کہ تمام ٹھگز قوم کےخلاف اکٹھا ہونا چاہتے ہیں، معصوم ٹولے کی خواہش ہے کہ عوام کرپشن کی رقم کے تحفظ کے لیے باہر نکلیں، ہماری خواہش ہے کہ جو کیسز کھلے ہیں وہ منطقی انجام کو پہنچیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر پہلے کی طرح عمل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مراد علی شاہ سے استعفےکا مطالبہ برقرار ہے، شفاف احتساب کیلئے مراد علی شاہ کا استعفیٰ ضروری ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ عدالت نے جے آئی ٹی پر تمام اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے، جے آئی ٹی کی تجویز تھی کہ معاملہ نیب کو بھیج دیں، فیصلہ بھی یہی آیا ہے۔