ایجنڈے پر اختلاف، طالبان،امریکا مذاکرات منسوخ

January 08, 2019

افغان طالبان نے امریکی حکام سے طے شدہ مذاکرات ایجنڈے پر اتفاق نہ ہونے کے باعث منسوخ کردیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کی قیادت نے ایجنڈے پر اتفاق نہ ہونے پر امریکی حکام کے ساتھ ہونے والے نئے مذاکراتی مراحلے کی منسوخی کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذاکرات کا نیا دور بدھ سے قطر میں شروع ہونا تھا،اس حوالے سے افغان طالبان کا کہنا ہے کہ مذاکرات فریقین کے اتفاق کے بعد منسوخ کئے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق طالبان نے افغان حکام کی مذاکرات میں شمولیت کی عالمی طاقتوں کی درخواست کو بھی رد کردیا ہے۔

اس سے قبل افغان طالبان اور امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے درمیان مذاکرات کے 3 ادوار ہوچکے ہیں۔

مذاکرات کا آخری دور دسمبر 2018 میں ابوظہبی میں ہوا تھا جس میں سعودی عرب، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے حکام بھی شریک ہوئے تھے۔