برطانوی پارلیمنٹ میں آئندہ ماہ انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد ہوگا

January 11, 2019

برمنگھم(پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے 4فروری کو برطانوی پارلیمنٹ میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس میں دنیا کے مختلف ممالک سے پارلیمنٹرین، کشمیری قائدین، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندے اور وفود شرکت کریں گے۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ تحریک کشمیر برطانیہ کی مختلف برانچوں میں پروگرام منعقد ہوں گے کشمیریوں کے حق خودارادیت اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کیا جائے گامقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا ۔مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ ان کی جدوجہد حق اور انصاف پر مبنی ہے ان مشکل اور نا مساعد حالات میں وہ تنہا نہیں ہیں ۔انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے حالات اور بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر مبذول کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس موقع پراقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی کشمیر رپورٹ مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی جائے گی پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات بھارت کا طرز عمل اور خطے میں پائی جانے والی کشیدگی کو زیر بحث لایا جائے گا۔