منی بجٹ میں اقتصادی اہداف پر اوپر سے نیچے تک نظرثانی کا فیصلہ

January 11, 2019

اسلام آباد (رپورٹ: مہتاب حیدر) تحریک انصاف کی حکومت نے اپنی سوچ بدلتے ہوئے آئندہ منی بجٹ میں اقتصادی اہداف پر اوپر سے نیچے تک نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے جس میں حقیقی جی ڈی پی شرح نمو میں کمی کرنا بھی شامل ہے۔ حکومت نے پارلیمنٹ میں منی بجٹ کے ساتھ 5؍ سالہ اقتصادی فریم ورک کی رونمائی کا بھی فیصلہ کیا ہے جسے امکان ہے رو ا ں ماہ کے آخر میں پیش کردیا جائے گا۔ پہلے دو سال مالی استحکام لانے پر زیادہ توجہ ہوگی۔ مالی استحکام کے اس مشکل عرصہ میں اقتصادی سست روی میں شرح نمو 3.9 سے 4.4 کے درمیان ر ہے گی۔ ایک اعلیٰ سرکاری افسر کے مطابق حکومت رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بجٹ خسارے کو 5.5 سے 5.6 فیصد تک محدود رکھنا چاہتی ہے۔ جی ڈی پی کی حقیقی شرح نمو کو پہلے کے مقابلے میں 6.2 فیصد سے کم کرکے مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 4 فیصد رکھا جائے گا۔ اقتصادی اہداف پر نظرثانی کے ساتھ حکومت بجٹ اور رواں کھاتہ خسارے دونوں کو قابل انتظام سطح پر لانے کی ازسرنو کوششیں کرے گی۔ ابتدا میں شرح نمو کا ہدف 6.2 تھا جس میں 3.8 فیصد حصہ زرعی شعبے کا اور خدمات کا حصہ 6.5 فیصد تھا۔