پاکستانیوں کی میزبانی،شائقین کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی، انٹرنیشنل فٹبالرز

January 11, 2019

کراچی (شکیل یامین کانگا/ اسٹاف رپورٹر) عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز ریکارڈوکاکا اور لوئس فیگونے کہا ہے کہ وہ پاکستان آکر بہت خوش ہیں، یہاں کے لوگوں کی میزبانی اور فٹ بال شائقین کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، اپریل میں دوبارہ پاکستان آئیں گے اور ہمارے ساتھ دیگر کھلاڑی بھی کراچی اور لاہور میں میچز کھیلیں گےاور کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر احمر کنور، سحراقبال، پاکستانی فٹ بال ٹیم کے کپتان صدام حسین اور دیگر بھی موجو د تھے۔ دنیا کے ٹاپ اسٹار جمعرات کی دوپہر خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا انہیں سندھی ٹوپی اور اجرک کا تحفہ دیا گیا۔ عالمی کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کو زیادہ سپورٹ کیا جاتا ہے ضروری ہے حکومت اور دیگر ادارے دنیا کے سب سے بڑے کھیل کو سپورٹ کریں یہاںباصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں، اس میں کوئی شک نہیں اگرپاکستان فٹ بال یم پر توجہ دی جائے گی وہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ بھی کھیل سکتی ہے۔اپریل میں پاکستان آئیںگے اور ہمارے ساتھ دیگر عالمی کھلاڑی بھی ہوں گے اور کراچی اور لاہور میں نہ صرف میچز کھیلیں گے بلکہ نوجوانوں کھلاڑیوں کو ٹپس بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے یہاں کے لوگوں کی شاندار میزبانی یاد رہے گی، عالمی کھلاڑی پاکستان میں دس گھنٹے قیام کے بعد جمعرات کی رات دبئی روانہ ہوگئے۔ احمر کنور نے کہا ہے کہ پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کیلئے کام کرنے جذبہ لیکر آگے آئے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ ملک سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور سپورٹ کی جائے۔ ایکون پاکستان کو اپنے سحر میں جکڑنے کیلئے تیار ہیں اور پاکستان میں میوزک کنسرٹس کے مداحوں کو اس جیسا تجربہ پہلی بار ملے گا۔برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی اور پاکستان میں برطانیہ کے ڈائریکٹر تجارت ایلن برنز نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے اچھے تعلقات کی وجہ سے میں بہت خوش ہوں۔ انھوں نے کہ رواں سال تجارت، تعلیم، اسپورٹس اور میوزک میں دونوں ملکوں کے درمیان اشتراک کے حوالے سے تاریخی ثابت ہو گا۔ اس موقع پر سحر اقبال کا کہنا تھاکہ رواں سال اپریل میں ہونے والے انٹرنیشنل میچوں کے دوران مشہور امریکی گلوکار ایکون اور گرامی ایوارڈ جیتنے والے آرٹسٹ کراچی اور لاہور میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔ایکون کے گائے گئے گانے دنیا بھر میں مشہور ہوئے جن میں سے چند ایک ’’Smack That Right Now, اور I Wanna Love You ‘‘ کو دنیا بھر میں مقبولیت ملی۔رات گئے دونوں فٹبالرز پاکستان سے روانہ ہوگئے۔