کراچی آنیوالی پی آئی اےپرواز میں سیڑھی دیر سے لگنے پر مسافروں میں سراسیمگی

January 11, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے پرواز PK305میں سیڑھی دیر سے لگانے کی بناءپر مسافروںمیں سراسیمگی پھیل گئی ۔ لاہور سے کراچی آنے والی پرواز کو کراچی سے دبئی کیلئے بین الاقوامی پرواز میں تبدیل ہونا تھا اور اس میں لاہور سے دبئی کیلئے بھی مسافر سوار تھے ، اس لیے اس پرواز کو جیٹی سے نہیں لگایا گیا ۔ مسافروں کو جہاز سے اُتارنے کے لیے سیڑھی لگنے میں غیر معمولی تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے مسافر خاصی دیر تک اندر ہی بیٹھے رہنے پر مجبور ہوگئے۔ جہاز پر سیڑھی لگانے کی بناءپر ان مسافروں کو مزید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا جو وہیل چیئر پر تھے ۔ وہیل چیئر والے مسافروں کے لیے دوسرے دروازے پر ایمو لفٹر لگایا گیا ۔ ایمو لفٹر اس وقت لگایا گیا جب جہاز کے سارے مسافر اتر گئے ۔ مسافروں نے شکایت کی کہ پی آئی اے کے عملے نے نہ تو ان کو جہاز پر سوار ہوتے وقت اس چیز سے آگاہ کیا کہ انہیں سیڑھی سے اتارا جائے گا اور نہ ہی جہاز کے لینڈ کرنے کے بعد کسی نے اس امر کی زحمت کی کہ مسافروں کو آگاہ کرتا کہ جہاز کے دروازے کھلنے میں تاخیر کی وجہ کیا ہے۔ جہاز کے دروازے کھلنے میں تاخیر کی وجہ سے مسافروں میں افواہ پھیل گئی کہ جہاز کا دروازہ خراب ہوگیا ہے اور کھل نہیں رہا ہے ۔