’’اصغر خان کیس بند نہیں کریں گے‘‘

January 11, 2019

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اصغرخان کیس بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی اے نے فائل بند کرنے کی استدعا کی ہے، ہم کیسے عدالتی حکم کو ختم کر دیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ اصغرخان نے اتنی بڑی کوشش کی تھی،اس کیس کی مزید تحقیقات کرائیں گے، جب عمل درآمد کا وقت آیا تو ایف آئی اے نے ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں۔

چیف جسٹس کا مزید کہنا ہے کہ ہم اصغر خان کی کوشش رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ایف آئی اے سے جواب طلب کریں گے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے یہ بھی کہا کہ اصغر خان کیس پر کابینہ سے بھی جواب مانگیں گے، کچھ افراد کے مقدمات کابینہ کو دیے گئے تھے۔

عدالت عظمیٰ نے اس کیس میں سلمان اکرم راجہ کو عدالتی معاون مقرر کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع کو نوٹس جاری کر دی۔

سپریم کورٹ نے اصغرخان کے ورثاء کی درخواست پر ایف آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی کر دی۔