علیمہ خان اپنا پوائنٹ کلیئر کردیں گی،JIT نہیں بنے گی، افتخار درانی

January 12, 2019

کراچی(جنگ نیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا ہے کہ علیمہ خان کی جائیداد کی تحقیقات کیلئے کوئی جے آئی ٹی نہیں بنے گی، علیمہ خان اپنا پوائنٹ کلیئر کردیں گی میں نے عمران خان کا پوائنٹ کلیئر کردیا ہے۔ علیمہ خان اور عمران خان ماضی میں کبھی پبلک آفس ہولڈر نہیں رہے، علیمہ خان کا ٹیکس ایشو ہے جس پر انہیں جرمانہ ہوچکا ہے، شوکت خانم اسپتال میں شفافیت نہ ہوتی تو لوگ عمران خان کو دس ارب روپے نہ دیتے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ علیمہ خان جائیدادوں کے بے نامی دار عمران خان ہیں، علیمہ خان کا نام ای سی ایل میں ڈالا اور چیئرمین ایف بی آر کو معطل کیا جائے جس نے علیمہ باجی کے کیس میں چار مہینے خاموشی رکھی۔وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ آنے تک بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نہیں نکال سکتے۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ قانونی دائرہ کار میں رہتے ہوئے کسی کے صوبے میں آنے پر پابندی لگاسکتے ہیں، کسی مہذب وفاقی وزیر کی نہیں ان وزراء کی بات کررہا ہوں جو جھگڑے اور انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ افتخار درانی نے مزید کہا کہ عمران خان بیرون ملک اپنی ذات کی نہیں ملک کی بات کرتے ہیں، لوگ اعتبار کرکے اب پاکستان آنا شروع ہوگئے ہیں، علیمہ خان سپریم کورٹ گئی تو ذرائع آمدنی ظاہر کرنے کے بعد ہی جرمانہ ہوا، چیف جسٹس ثاقب نثار مطمئن ہوتے تو اسے ٹیکسیشن ایشو قرار دیا شوکت خانم میں نقد امداد نہیں ہوتی شوکت خانم کے اکاؤنٹس آڈٹ شدہ ہیں۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاناما پیپرز میں نواز شریف کا نام نہیں تھا بیرون ملک پراپرٹیز علیمہ خان کے نام پر ہیں ان کو ایف بی آر نے نہیں سپریم کورٹ نے جرمانہ کیا ہے، ایف بی آر اور ایف آئی اے علیمہ خان کیس پر خاموش تھے، ابھی حکومت عمران خان کی ہے ایف آئی اے اور ایف بی آر ان کے ماتحت ہے مگر وہ خاموش ہیں، مریم نواز کے پاس بھی کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا۔