پی پی کا منی بجٹ سختی سے مسترد کرنے کا اعلان

January 12, 2019

پیپلزپارٹی نے نیا منی بجٹ سختی سے مسترد کرنے کا اعلان کردیا، پی پی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت سالانہ بجٹ کی تیاری کرے، اب منی بجٹ کا وقت نہیں۔

سینیٹ میں پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور منی بجٹ کے اعلان پر شدید تحفظات کا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا نیا منی بجٹ سختی سے مسترد کرتے ہیں، حکومت سالانہ بجٹ کی تیاری کرے، اب منی بجٹ کا وقت نہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عوام پر بجٹ بم گرایا جارہاہے جس کی مخالفت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن ادویات کی قیمت میں اضافہ کردیا جاتا ہے اور دوسرے دن منی بجٹ کا اعلان ہوتاہے، زندگی بچانے کی ادویات کی قیمتیں بڑھا کر عوام سے جینے کا حق چھینا جارہا ہے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ تبدیلی کی سونامی اب مہنگائی کے طوفان میں تبدیل ہو چکی ہے،5 ماہ میں انہوں نے معیشت اور احتساب کے نعروں کے سوا کچھ نہیں کیا۔