رسمِ حنا اور جدید ملبوسات

January 13, 2019

’مایوں کے لیے پیلا رنگ آج کے دور میںخاصا بورنگ لگے گا‘ یا ’مہندی کی تقریب کے لیے پیلا اور ہرا نہیں،کچھ نیا خریدو‘۔ یہ وہ جملے ہیں جو آج کل رسم حنا کے ملبوسات کی خریداری پر آپ بھی اپنے اردگرد اکثر سنتی ہوں گی۔ ایک دورتھا جب مایوں کے لیےپیلے رنگ کے علاوہ کسی اور رنگ کا انتخاب نہیں کیا جاتا تھالیکن اب اس رنگ میں دیگر رنگوں کی آمیزش نے رسم حنا کی تقریب کو خاصا متاثر کن بنادیا ہے۔

رسم حنا کی دلہن کو سادگی سے تیار کروانا گزرے دور کی باتیں تھی آج کل دلہن اپنی مہندی پر بہت نک سک سے تیا ہوتی ہے۔ وہ پیلے رنگ کے علاوہ اورنج، لال، ہرا حتیٰ کہ پنک کلر کے ساتھ تیار کروایا گیا خوبصورت لباس زیب تن کرتی ہے۔ اسی طرح دلہن کے میک اَپ میں پیچ ، پنک اور روزی اورنج شیڈز کی لپ اِسٹک ٹرینڈ کا حصہ ہیں جبکہ آئی میک اپ کے لئے میٹ کلر کو شمر کے ساتھ استعمال کیا جا رہا ہے۔اگر آپ بھی اس خوبصورت تقریب کا حصہ بننے جارہی ہیں، جس کی ہر لڑکی کو خواہش ہوتی ہےاور اس سے بارے میںپریشان ہیں کہ کیا پہنیں اور کیسا میک اَپ کروائیں تو درج ذیل آئیڈیاز آپ کی مہندی کی تقریب کو مزید یادگار بناسکتے ہیں ۔

مختلف رنگوںپر مشتمل فراک

مشرقی ملبوسات کی بات کی جائے توچوڑی دارپاجامہ اورفراک کوخاص اہمیت حاصل ہے۔مایوں کی تقریبات میںخاص طور پر خوبصورت کڑھائی سے مزین چوڑی دار پاجامہ اور فراک تیار کروائی جاتی ہے۔ چوڑی دار پاجامہ اور پازیب کا بجتا ساز ایک منفرد انداز دیتا ہے۔ فراک کے لیے کسی ایک رنگ کے بجائے مختلف رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ ڈیزائنر ایسی فراک کے نچلے گھیر کےلیے عام طور پر فلورل پرنٹ یا فلورل اسٹائل ایمبرائیڈری کا انتخاب کرتے ہیں۔ یہ فراک جہاں آپ کے کلچر کی عکاسی کرے گی، وہیں آپ کی نازک شخصیت پر بھی خوب جچے گی۔

شارٹ فراک

آج کل شارٹ فراک کا فیشن خاصا مقبول ہے۔ ملک کے تمام معروف فیشن ڈیزائنر ز اسٹائلش طرز کی شارٹ فراک تیار کر رہے ہیں۔ جس طرح گرمی کے موسم میں ملبوسات کے لیے آپ نےیقیناً شارٹ فراک کاانتخاب کیا ہوگا، اسی طرح مہندی پر پہنے جانے والے ملبوسات کے لیے بھی شارٹ فراک کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔یہ فراک عام فراک کے مقابلے میںزیادہ بھاری کڑھائی اور دوپٹے پر گوٹہ کناری کے ساتھ تیار کروائی جاتی ہے، جن کے لیے عام طور پر سلک پینٹس کا انتخاب کیا جاتا ہے۔شارٹ فراک پیپلم اسٹائل میں ہو یا پینسل ٹراؤزر یا پھر ٹیولپ شلوار کے ساتھ، آپ کے لیے پرفیکٹ مہندی لُک بن سکتا ہے۔ تاہم ایسے ملبوسات خریدتے وقت اپنی رنگت اور جسامت کو مد نظر رکھیں تاکہ درست لباس کا انتخاب کر سکیں۔

شارٹ شرٹ اور لہنگا

لہنگے، بارات کے لیے ہی نہیں مایوں مہندی کے فنکشن لیے بھی دلہنوں کا انتخاب بننے لگے ہیں۔ جالی کی قمیضیں اور ان کے گھیروں پر جامہ واراور مختلف قسم کی پٹیاں لگا کرلہنگے کی شرٹ کو سجایا جا تا ہے ۔اس کے علاوہ ان دنوںخوبصورت جامہ وارکڑھائی سے مزین جالی کے لہنگے بھی مایوں کی دلہنوں کی توجہ کا مرکز بننے کے باعث کافی ٹرینڈ میں ہیں۔

گرین ایمبرائیڈڈکرتا اورشلوار

جی ہاں !چونکیے نہیں، ایمبرائیڈڈ شلوار اور قمیضوں کا فنکشن ایک بار پھر لوٹ آیا ہے۔ فیشن ڈیزائنرز دلہنوں کے لیے شلوار قمیض کو روایتی لباس کے طور پر منتخب کرتے ہیں۔ ڈھیلا ڈھالا اور ہرے رنگ کا خوبصورت ایمبرائیڈڈ کُرتا اور گولڈن ایمبرائیڈڈ شلوار مہندی کے لباس کے طور پر کسی بھی دلہن کی چکا چوند میں اضافہ کردیتے ہیں۔ لباس کا اس طرح کا امتزاج نہ صرف دلہن بلکہ اس کی بہنیں اور سہیلیاں بھی مہندی کے لباس کے طور پر منتخب کرسکتی ہیں۔

دیدہ زیب مایوں میکسی یا گاؤن

فیشن کی دلدادہ خواتین لباس کے لیے میکسی کو لازم تصور کرتی ہیں۔ تقریبات میں اس کی خوبصورتی پہننے والے کو ایک منفرد انداز بخشتی ہے۔ مایوں کی تقریب کے لیے میکسی یا جامہ وار گاؤن کاانتخاب آپ کی شخصیت کو نمایاں کر دینے کے لیے کافی ہے۔ مایوں گاؤن کے لیے خواتین میں پستہ رنگ خاصا ٹرینڈ میں ہے۔ بھاری کڑھائی سے تیار کیا گیا شیفون کا گاؤن مایوں کی دلہن کی سج دھج کو ایک نرالا انداز دیتا ہے۔

فلورل لہنگا

فلورل پرنٹ یا فلورل ایمبرائیڈری اس برس کا مقبول ٹرینڈ ہے۔ عروسی ملبوسات کے علاوہ مہندی کے لباس کی تیاری میں بھی تھری ڈی فلاور تکنیک استعمال کی جا رہی ہے۔ ان لباس پر پتھروںکا کام بھی کیا جارہا ہے۔ شیفون، آرکنڈی اور ٹشو پر فلورل ایمبرائیڈری کا فیشن بھی اِن ہے۔ آپ چاہیں تو اپنے مہندی کے لباس کے لیے فلورل لہنگے کاانتخاب بآسانی کرسکتی ہیں۔ فلورل پرنٹ پیلا، ہر اورپنک سمیت تمام قسم کے رنگوں کے ساتھ بے حد جچے گا۔

لانگ شرٹ اورغرارہ

لانگ شرٹ کے ساتھ غرارہ اسٹائل ایک پرفیکٹ مایوں لک بن سکتا ہے۔اگر آپ مایوں کے لیےملٹی کلرز کے بجائے کسی خوبصورت رنگ کے لباس کی تلاش میں ہیں تو غرارے کے متعلق سوچیں۔ یہ اسٹائل ملٹی کلرز کے بجائے کسی ایک رنگ پر زیادہ سوٹ کرتا ہے۔

رسم حنا کی تقریب جو خوبصورتی، گلیمر ، ارمان اور پھولوں کی خوشبو اپنے انداز سے بکھیرتی ہے، وہ دلہن بننے والی ہر لڑکی کے دل کی آواز ہوتی ہے۔ اسی لیے وہ ان تقریبات کو اپنی زندگی کے حسین ترین لمحات میں سے ایک گردانتی ہے اور چاہتی ہے کہ اس رسم میں کسی قسم کی کمی نہ رہ جائے۔تو پھر آپ بھی ان خوبصورت اسٹائلش ملبوسات میں سے کسی ایک کا اپنے لیے انتخاب کیجیے اور اس رسم کو یادگار بنائیے۔