نئی کتاب: کاغذی ہے پیرھن (آپ بیتی)

January 20, 2019

خود نوشت: عِصمت چغتائی

ترتیب و تدوین: پروفیسر قدیر احمد کھوکھر

صفحات: 334 ،قیمت: 480 روپے

ایک مکمل آپ بیتی میں عموماً پیدایش سے لے کر تا دمِ تحریر تک کے واقعات کا احاطہ کیا جاتا ہے، مگر زیرِ نظر کتاب میںایسا نہیں ہے۔ کتاب کا کچھ حصّہ عِصمت چغتائی کے گریجویٹ ہونے، اسکول میں ملازمت اور ’’لحاف‘‘ پر مقدمے کے زمانے تک، یعنی صرف چند برسوں پر مشتمل ہے،جب کہ بچپن کے واقعات میں کچھ وہ واقعات شامل ہیں، جو ’’شمن‘‘ کے کردار کے ذریعے ’’ٹیڑھی لکیر‘‘میں بیان ہوئے یا ’’غبارِ کارواں‘‘ کے تحت شایع ہونے والے دِل چسپ مضامین اورعِصمت کے مختلف انٹرویوز اور قلمی خاکوں کے ذریعے سامنے آئے۔ درحقیقت ’’کاغذی ہے پیرھن‘‘ عِصمت چغتائی کی ’’یادوں کی بارات‘‘ ہے، جو ایک دِل چسپ اور انوکھے خاندان کے مختلف طور طریقوں، عادات و عقائد، رسم و رواج، ہٹ دھرمیوں، نفرتوں اور محبّتوں کی ایک عجیب و غریب اور ملی جُلی سی داستان بن گئی ہے۔