اسمبلی میں شور کی وجہ احتساب ہے، عمران خان

January 15, 2019

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسمبلی میں جو شور مچ رہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ کیسے احتساب کی جرات ہوئی۔

نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ موجودہ مسائل کی بنیادی وجہ قیام پاکستان کے وژن پر نہ چلنا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے نئے پاکستان کا تصور دیا اور ریاست مدینہ کی بات میں ان اصولوں کی بات کرتے ہیں جو ریاست مدینہ کی بنیاد تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشرہ اس وقت ترقی کرتا ہے جب قانون کی عملداری اور یکساں اطلاق ہو لیکن پاکستان میں یہ چیز نظر آتی ہے کہ طاقتور اور کمزور کیلئے مختلف قوانین ہیں۔

سیاسی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آج اسمبلی سے شور اٹھ رہا ہے کہ جمہوریت خطرے میں ہے، آپ سیاسی لیڈر ہیں تو آپ پر فرض ہے کہ اپنے اوپر لگنے والے الزامات کا جواب دیں کیوں کہ ڈکٹیٹر شپ کے برعکس جمہوریت میں لیڈر جواب دہ ہوتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کے قیام کے وژن پر نہیں چلے، ماضی میں بلوچستان کی پرواہ ہی نہیں کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور بلوچستان کی معدنی دولت پورے پاکستان کو اٹھا سکتی ہے، سی پیک سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور بلوچستان میں اسکِل ڈویلپمنٹ کیلئے چین سے مدد لے رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پینے کے پانی کی کمی کے حل کیلئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔

ملکی معاشی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام وترقی کیلئے خصوصی اقدامات کے نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں، برآمدات بڑھ رہی ہیں اور درآمدات میں کمی آرہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ حکومت کا سب سے اہم ترین منصوبہ ہے جو کہ ملک میں گھروں کی کمی کو پورا کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نوکریوں میں بلوچستان کے کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، کوئٹہ میں کینسر کے علاج کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں جب کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سے مکمل طور پر رابطے میں ہیں۔

شرکاء نے ملاقات میں وزیراعظم کو بلوچستان کی ترقی اور عوام کے مسائل سے آگاہ کیا ۔