خدمت خلق فاؤنڈیشن کی پنجاب میں اراضی بیچے جانےکا انکشاف

January 17, 2019

کراچی (طلحہ ہاشمی) ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن سےمتعلق انکشاف ہوا ہے کہ تحقیقات کے دوران ہی پنجاب میں موجود لگ بھگ 6؍ کروڑ سے زائد کی 2؍ اراضی بیچ دی گئیں جن کی تفصیلات ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے کمشنرز لاہور اور ملتان سے طلب کر لی ہیں، سندھ کے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو بھی ایف آئی اے نے خط لکھ کرکے کے ایف کی گاڑیوں کے ٹرانسفر پر فوری پابندی کی سفارش کردی ہے، ذرائع ایف آئی اے بتاتے ہیں کہ کے کے ایف فنڈز میں بھی خورد برد کی گئی ہے۔ ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے کے کے ایف سے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے دوران اہم انکشافات ہوئے ہیں، ایف آئی اے ذرائع بتاتے ہیں کہ خدمت خلق فاونڈیشن کی ملتان اور لاہور میں موجود دو اراضیاں تحقیقات کے دوران ہی بیچ دی گئی ہیں، کمشنر ملتان اور لاہور سے ان اراضی کے بیچے جانے کی تفصیلات خط لکھ کر طلب کر لی ہیں، خریداروں کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں، ذرائع ایف آئی اے بتاتے ہیں کہ کے کے ایف کی اراضی قاعدے کے مطابق نہیں بیچی گئیں، قانونی طور پر کے کے ایف کی اراضی آرگنائزرز کی اجازت کے بغیر نہیں بیچی جاسکتی، ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن ملتان اور لاہور میں 4؍ اراضی کی مالک تھی، ملتان اور لاہور میں بیچی گئی اراضی کی قیمت لگ بھگ 6؍ کروڑ سے زائد ہے تاہم اب بھی ملتان اور لاہور میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کی 2؍ اراضی موجود ہیں۔