’’باؤجی میں تینوں نال لیکے جانائے‘‘ والدہ کی نواز شریف سے گفتگو

January 18, 2019

اسلام آباد(حذیفہ رحمان)سابق وزیراعظم نوازشریف سے جیل میں اہلخانہ کی ملاقات، نواز شریف کی والدہ بیٹے سے مل کر آبدیدہ ہوگئیں، “باؤجی میں تینوں نال لیکے جانا ئے”نواز شریف والدہ کو تسلی دیتے ہوئے بولے کہ میں ہر وقت آپکے ساتھ ہوں۔مریم نواز اور حمزہ شہباز علیحدہ علیحدہ گاڑیوں میں مختلف وقت پر جیل پہنچے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی کوٹ لکھپت جیل میں ہر جمعرات کو عزیز و اقارب اور پارٹی کے ساتھیوں سے ملاقات ہوتی ہے۔ یہ ملاقات سپریٹنڈنٹ جیل کے کمرے کے سامنے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں ہوتی ہے۔ جس میں ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل میں موجود رہتے ہیں۔ ملاقات کیلئے پندرہ سے بیس افراد کا گروپ کمرے میں تشریف لاتا ہے، جو پانچ سے دس منٹ کمرے میں موجود رہتا ہے۔ پندرہ ضرب پندرہ کے کمرے میں ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل کی میز اور کرسی کی وجہ سے کمرے میں بمشکل دس کرسیاں مزید آسکتی ہیں۔ جبکہ اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے باقاعدہ علیحدہ ہال میں کرسیاں لگا کر بندوبست کیا گیا تھا جبکہ فیملی سے ملاقات بھی ایک مناسب کمرے میں ہوتی تھی۔ مگر کوٹ لکھپت جیل میں ایسا کوئی بندوبست نہیں ہے۔ نواز شریف سے ملاقات کیلئے آنے والے کارکنان اور دیگر افراد پولیس اور جیل اسٹاف کی چار رکاوٹیں عبور کرکے آتے ہیں۔ جس کے بعد میاں نواز شریف سے ملنے کیلئے انتظار گاہ میں کھڑے ہوکر اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں۔