معروف اداکار گلاب چانڈیو انتقال کرگئے

January 18, 2019

ٹی وی اور فلموں کے معروف اداکار گلاب چانڈیو کراچی میں انتقال کرگئے۔ اُن کی عمر 61 سال تھی۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


خاندانی ذرائع کے مطابق وہ ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا اور کافی عرصے سے علیل تھے، دو روز قبل اُنہیں ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں وہ جمعہ کی سہ پہر تین بجے خالق حقیقی سے جا ملے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ کل نواب شاہ میں ادا کی جائے گی۔

6 جنور 1958کو گاؤں شہمیر چانڈیو نوابشاہ میں پیدا ہونے والے گلاب چانڈیو نے درجنوں شاہکار ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ان کے مشہور ڈراموں میں چاندگرہن، نوری جام تماچی، بے وفائیاں، ماروی، سانس، سانس لے اے زندگی، ساگر کا موتی شامل ہیں۔

حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 14 اگست 2015ء کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی بھی عطا کیا تھا۔

بیشتر ڈراموں میں منفی کردار ادا کرنے والے گلاب چانڈیو حقیقی زندگی میں نرم مزاج اور سادہ طبیعت انسان تھے۔

گلاب چانڈیو نے حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گلاب چانڈیو کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے۔