حکومتی معاملات میں مداخلت کے تاثر کو ختم کرنا ہوگا‘مولانا عصمت

January 19, 2019

کوئٹہ(پ ر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سرپرست اعلیٰ اوررکن قومی اسمبلی مولاناعصمت اللہ نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سول بالادستی کو یقینی بنانا اور اداروں کے درمیان تقسیم کار پر مذاکرات ضروری ہیں۔ اس ضرورت کا اظہار پہلے بھی سیاسی قیادت کرتی رہی ہے۔ امید ہے کہ نئے چیف جسٹس کے آنے سے سیاستدان، تاجر، اساتذہ اور بیوروکریسی کھلے دل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتیں غیر جانبدار اور غیرسیاسی ہوتی ہیں، قاضی میڈیا سے دور رہتا ہے۔ افسوس ماضی میں ایسا نہیں ہوا،امید کرتے ہیں کہ نئے چیف جسٹس پارلیمنٹ کوبالادست بنائیں گے، اداروں کی سیاسی معاملات میں مداخلت افسوسنا ک ہے، اس تاثرکو ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو یانواز شریف کی ماضی میں حکومتی معاملات میں مداخلت کی گئی۔ عمر رسیدہ پروفیسرز کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت کا مخالف اور پی ٹی آئی کی حکومت کا ساتھی ہونے کا تاثر عام رہا۔