ویلکم ٹرسٹ کے سٹاف کے لئے 4 روزہ ورکنگ ویک پر غور

January 20, 2019

لندن (نیوز ڈیسک) ویلکم ٹرسٹ کے تمام سٹاف کے لیے4روزہ ورکنگ ویک پر غور کیا جارہا ہے۔ ٹرسٹ ورک لائف توازن کو بہتر بنانے اور پیداواریت میں اضافے کے لیے تمام سٹاف کو4روزہ ویک پر لانے پر غور کررہا ہے۔ بایو میڈیکل ریسرچ فائونڈیشن لندن میں اپنے ہیڈ آفس کے تمام8سو ملازمین کو تنخواہ میں کمی کے بغیر جمعہ کی چھٹی دینے کے ساتھ اس موسم خزاں میں کام کے طریقہ کار میں ڈرامائی تبدیلی کی آزمائش کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ اگر یہ پالیسی طویل مدت تک کے لیے اختیار کی گئی تو یہ تبدیلی کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی آرگنائزیشن بن جائے گی۔ ویلکم کے ڈائریکٹر آف پالیسی اینڈ چیف آف سٹاف ایڈ وٹنگ نے کہا ہے کہ ویلکم مسلسل اس بارے میں غور کررہا ہے کہ ہم کس طرح اپنے خیراتی مشن کے اثر کو بڑھا سکتے ہیں اور سٹاف کی بہبود کو بہتر بناسکتے ہیں۔ بل اور میلنڈا گیٹس فائونڈیشن کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی ریسرچ ڈونر ویلکم نیوزی لینڈ انشورنس کمپنی پر پسچول گارڈین کی کامیابی پر نظر رکھ رہا ہے جس نے گزشتہ سال4روزہ ورکنگ ویک شروع کیا تھا۔ ویلکم کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی شہادتیں جمع کررہا ہے اور آنے والے مہینوں میں حتمی فیصلہ کرے گا۔ 4روزہ ورکنگ ویک پر غور ٹی یوسی کے زور دئیے جانے کے بعد عمل میں آرہا ہے۔ ریسرچ کے مطابق تقریباً نصف ورکرز اس کے حامی ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ برطانوی ورکرز یورپی یونین میں سب سے طویل اوقات کار کے حامل ہیں اور وہ صرف آسٹریا اور یونان سے پیچھے ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی اکنامسٹس کی حالیہ سٹڈی کے مطابق 4روزہ ورکنگ ویک پیداواری عمل میں اضافہ کرے گا۔