دبئی سے کراچی پہنچنے والے تاجر کو ملیرکینٹ کے باہر پولیس کی وردی پہنے ڈاکوؤں نے لوٹ لیا

January 21, 2019

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )دبئی سے کراچی پہنچنے والے تاجر کو ملیرکینٹ کے باہر پولیس کی وردی پہنے ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔ واردات ملیرکینٹ کی چیک پوسٹ نمبر 5 کے قریب ہوئی، جعلی نمبر پلیٹ لگی کار پر پولیس کی بتی بھی تھی۔ قائمقام ایس ایچ او ملیرکینٹ کے مطابق حیدرآباد مٹیاری کے رہائشی قصاب اعجاز اتوار کی صبح دبئی سے پہنچنے والے اپنے کزن کو کراچی ائیرپورٹ سے کار میں لےکر مٹیاری جانے کیلیے روانہ ہوئے تھے کہ ملیرکینٹ لنک روڈ پر چیک پوسٹ نمبر 5 کے قریب بی بی پی 440 نمبر پلیٹ لگی ٹیوٹا کرولا کار میں سوار 4 ملزمان جنہوں نے پولیس کی وردیاں پہنی ہوئی تھیں منی چیکنگ کے لئے روکا اور تلاشی کے دوران خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے روکا اور اسلحہ کے زور پر 4 لاکھ روپے کی ملکی و غیرملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ ملیرکینٹ پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی اس دوران تفتیش کے دورا ن معلوم ہوا کہ ملزمان کی گاڑی پر کورے کمپنی کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ لگی تھی۔