اسکردو سمیت گلگت بلتستان میں برف باری، سڑکیں بلاک

January 22, 2019

ملک میں کہیں بارش تو کہیں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ اسکردو، استور سمیت گلگت بلتستان میں برف باری کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بلاک ہوگئیں۔

ملکہ کوہسار مری میں شدید برف باری سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

آزاد کشمیرمیں بھی برف باری کے بعد کئی رابطہ سڑکیں بند ہیں، وادی نیلم میں تو پہاڑوں پر برف باری کے ساتھ ساتھ برفانی تودے گرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بارش اور شمالی اور وسطی اضلاع میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ برف باری کی وجہ شاہراہ نیلم، لیپہ، باغ سدھن گلی روڈ سمیت متعددراستے بند ہیں جبکہ وادی نیلم کے پہاڑوں پر شدید برف باری کے ساتھ ساتھ برفانی تودے گرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں وقفے وقفے سے شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ شہر اور گردونواح کی تمام سڑکوں پر پھسلن کے با عث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامراور استور کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے شدید برف باری نے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ شاہراہ ریشم داسو اور شتیال کے مقامات پر بلاک ہوگئی۔

گلیات،کالام، مالم جبہ شانگلہ اور دیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔