دھند سے سندھ، پنجاب میں حادثات، 4 افراد جاں بحق

January 22, 2019

پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں حادثات پیش آئے ہیں جن کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہو گئے۔

یہ حادثات مظفر گڑھ، جہانیاں، چشتیاں اور نوشہرو فیروز میں دھند کے باعث پیش آئے ہیں۔

پنجاب کے شہر مظفر گڑھ میں وین اور ٹرک میں تصادم ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مظفر گڑھ کے علاقے خدائی بنگلہ کے قریب سڑک پر مسافر وین اور ٹرک میں ٹکر کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں جاں بحق ہونے والوں دونوں افراد کی لاشوں اور آٹھوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ مظفر گڑھ میں حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین رنگپور سے ملتان جا رہی تھی۔

منڈا چوک پر ٹرک اور بس کے درمیان تصادم سے 5افراد زخمی ہوگئے۔

چشتیاں میں دھند کے باعث بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار چھٹی جماعت کا طالبعلم جاں بحق اور دوسرا طالبعلم زخمی ہو گیا۔

جہانیاں میں دھند کے باعث میتلا چوک کے قریب کار دوموٹر سائیکلوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4فراد زخمی ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔

ُنوشہرو فیروز میں پُھل کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق اورایک شدید زخمی ہوگیا۔