سانحہ ساہیوال:حکومت ذیشان کو دہشتگرد ثابت نہیں کرسکتی، رانا ثناء

January 23, 2019

کراچی(جنگ نیوز)ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر وزراء کے موقف کے بعد جے آئی ٹی پر بھروسا نہیں کیا جا سکتا، وزیراعظم عمران خان کو سانحہ ساہیوال کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہئے،حکومت جتنا مرضی زور لگالے ذیشان کو دہشتگرد ثابت نہیں کرسکتی،سی ٹی ڈی افسران کو عہدوں سے ہٹانا دکھاوا ہے،مقتول ذیشان کی اہلیہ نے کہا کہ ذیشان کو مارنے والے ہم سب کو ٹارگٹ کریں گے۔مقتول ذیشان کے بھائی احتشام نے کہا کہ جے آئی ٹی پر ہمیں بالکل اعتماد نہیں ہے، اسکی رپورٹ سے پہلے ہی ذیشان کو دہشتگرد قرار دیدیا گیا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اس وقت کی حکومت ملزمان کیخلاف سخت ایکشن لیتی تو ساہیوال کا واقعہ رونما نہیں ہوتا،ایسا لگتا ہے سی ٹی ڈی نے غلط معلومات یا غلط فہمی کی بناء پر آپریشن کیا، یہ ماورائے عدالت قتل ہے، ساہیوال واقعہ پچھلے دس بیس سالوں کا تسلسل ہے، پولیس کی بھرتیوں، ٹریننگ اور کردار سازی میں کمی کی وجہ سے جگہ جگہ ایسے واقعات ہوتے ہیں۔رانا ثناء اللہ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹاؤن واقعہ اور سانحہ ساہیوال کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا ، ماڈل ٹاؤن میں پولیس آپریشن کو مس ہینڈل کیا گیا تھا۔