وین ہڑتال، سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ کا ردعمل

January 24, 2019

آل کراچی اسکول اینڈ کالجز وین ایسوسی ایشن کی جانب سے آج ایک بار پھر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، اس پر وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت کے لیے سندھ حکومت نے سی این جی سلینڈرز کے خلاف ایکشن لیا ہے۔

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادرشاہ نے کہا ہے کہ اسکول اینڈ کالج وین ایسوسی ایشن کی ہڑتال غیر قانونی ہے، بچوں کی حفاظت کے لیے سندھ حکومت نے سی این جی سلینڈرز کے خلاف ایکشن لیا۔

اسکول وینز میں سی این جی سلینڈرز لگانے پر عدالت نے پابندی عائد کررکھی ہے۔

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے پولیس کو احکامات دیئے تھے کہ کراچی میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈر لگی ان فٹ اسکول وینز کے خلاف کریک ڈاؤن کریں اور وین کسی بھی تعلیمی ادارے کی ہو اس کا رنگ پیلا کیا جائے۔

سندھ حکومت کے احکامات کے بعد ٹریفک پولیس نے ان فٹ وینز اور ناقص سلنڈرز لگی وینز کے خلاف چالان کیے جانے کا سلسلہ شروع کیا اور بہت سے سی این جی سلنڈر بھی ضبط کیے۔

دوسری جانب اسکول اینڈ کالجز وین ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آج طلبہ کو پک اینڈ ڈراپ فراہم نہیں کریں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معیاری گیس سلنڈز پر گاڑیاں چلانے کی اجازت دی جائے اور ضبط کیے گئے 1500 سی این جی سلنڈر واپس کیے جائیں، مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔