لاہورمیں پتنگ بازی،ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی،175 گرفتار

January 28, 2019

لاہور اور ملحقہ علاقوں میں پابندی کے باوجود بھرپور پتنگ بازی ہوتی رہی۔ شاہدرہ کے قریب گلے پر ڈور پھرنے سے 22 سالہ نوجوان زخمی ہو گیا، پولیس اور پتنگ بازوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی اور 175 پتنگ بازوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

اتوار کو لاہور کے مختلف علاقوں شاہدرہ ، نواں کوٹ، باغبانپورہ، شالیمار،ساندہ،اسلام پورہ،اقبال ٹاؤن ،شاد باغ ،رائیونڈاور مصری شاہ میں پتنگ بازدن بھر پتنگیں اڑاتے رہے۔

شاہدرہ کے علاقے جیاموسی کے قریب 22 سالہ موٹرسائیکل سوار عرفان نذیر کے گلے پر کٹی پتنگ کی ڈور پھر گئی۔ اہل علاقہ نے اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

پولیس سیڑھیاں لے کر پتنگ بازوں کو چھتوں سے پکڑتی رہی۔ پولیس نے اونچی عمارتوں پر کھڑے ہو کر پتنگ بازوں کو تلاش کیا۔

پولیس نے شام تک 175پتنگ بازوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے، پتنگ بازوں سے بڑی تعداد میں پتنگیں اور ڈور بھی برآمد کر لی گئی۔

ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ کسی کو پتنگ بازی جیسے خطرناک کھیل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں میں ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔