سانحہ ساہیوال: مقتول خلیل کے لواحقین اور وکیل کو دھمکیاں ملنے لگیں

January 28, 2019


سانحہ ساہیوال کے مقتول خلیل کے خاندان کے وکیل شہباز بخاری نے اپنی اور مقتول کے لواحقین کی جان کے تحفظ کا مطالبہ کردیا۔

پریس کانفرنس میں وکیل شہباز بخاری نے الزام لگایا کہ مجھے اور مقتول خلیل کے لواحقین کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی افسران اپنے پیٹی بھائیوں کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں،مجھے اورمقتول کے لواحقین کو جان کا خطرہ ہے،تحفظ فراہم کیا جائے۔

مقتول فیملی کے وکیل شہباز بخاری نے مزید کہا کہ لواحقین کی سیکیورٹی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی اب تک ہونے والی تفتیش کے بارے میں مقتول خاندان کو آگاہ نہیں کررہی ہے۔