بھارت نے راحت فتح علی پر پھر الزام لگا دیا

January 30, 2019

بھارت کی جانب سےمعروف پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان پرکرنسی اسمگلنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیاکے مطابق پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو رقم کی منتقلی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں بھارت کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راحت فتح علی خان کو 2 کروڑ روپے کی رقم بیرون ملک منتقلی کے الزام میں شوکاز نوٹس دیا گیا۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے راحت فتح علی خان سے 45 دن میں جواب طلب کیا ہے اور ان کے خلاف فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کے تحت تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

دوسری جانب راحت فتح علی خان کے مینیجر کا کہنا ہے کہ اُن پر کیس کی باتیں جھوٹی ہیں، ہمیں بھارت کے کسی ادارے کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں ملا ہے۔

واضح رہے راحت فتح علی خان کو 2011 میں بھی ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیو انٹیلی جنس کے حکام نے نئی دہلی ایئرپورٹ پر 1 کروڑ 24 لاکھ ڈالرز کی رقم بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام میں پکڑا تھا جس پر گلوکار نے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کوئی غیرقانونی کام نہیں کیا ہے۔