سپریم کورٹ کا فوجی عدالتوں کے 20 افراد کے مقدمات کے فیصلے جمع کرانے کا حکم

May 04, 2024

سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو فوجی عدالتوں کے 20 افراد کے مقدمات کے فیصلے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیس کی 24 اپریل کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

عدالتی حکم نامے میں بتایا گیا کہ اٹارنی جنرل نے رہا ہونے والے 20 افراد کی فہرست سپریم کورٹمیں جمع کرائی ہے۔

حکم نامے کے مطابق وکلاء نے عدالت سے اٹارنی جنرل کو 20 افراد کے فیصلے طلب کرنے کی استدعا کی تھی، عدالت عظمیٰ نے اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ وہ فیصلے جمع کروائیں۔

وکیل درخواست گزار نے بینچ پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے گزشتہ سماعت کے حکم نامے کا حوالہ دیا۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ سلمان اکرم راجا اور اعتزاز احسن نے بھی لارجر بینچ تشکیل دینے پر دلائل دیے، اس پر عدالت نے معزز وکلاء سے استفسار کیا کہ کیا وہ لارجر بینچ تشکیل دینے پر فیصلہ چاہتے ہیں؟

تحریری حکم نامے کے مطابق وکلاء نے اس پر گزارشات کمیٹی کے سامنے رکھنے کا موقف اپنایا، وکلاء کی استدعا کو مناسب سمجھتے ہوئے معاملہ کمیٹی کے سامنے رکھنا مناسب سمجھتے ہیں۔

حکم نامے کے مطابق لارجر بینچ کے معاملے پر وکلا کی گزارشات کا کمیٹی فیصلہ کرے گی۔

تحریری حکم نامے میں جسٹس حسن اظہر رضوی نے معاملہ شہریوں کی آزادی کا قرار دیا اور جلد دوبارہ سماعت کےلیے مقرر کرنے کی آبزرویشن دی۔