عمران کرکٹ کی طرح سیاست میں بھی اچھی قیادت کریں گے، گس لوگی

February 01, 2019

ویسٹ انڈیز کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گس لوگی نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان کرکٹ کی طرح سیاست میں بھی اچھی قیادت کریں گے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ گس لوگی نے سابق کرکٹ ساتھی اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کرکٹ آہستہ آہستہ واپس آرہی ہے، امید ہے جلد پاکستان میں سب کچھ پہلے جیسا ہوجائے گا۔

گس لوگی نے مزید کہا کہ 1992ء ورلڈ کپ زندگی کے یاد گار واقعات میں سے ایک ہے، امید کرتے ہیں دیگر غیر ملکی ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جس طرح کرکٹ کے میدان میں ٹیم کو لیڈ کیا اگر پاکستان کو بھی ایسے لیڈ کریں اور عوام نے انہیں سپورٹ کیا تو یہ پاکستان کیلئے بہت اچھی بات ہوگی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ عمران کے ساتھ سب سے یادگار لمحہ وہی ہے جب ان کو92ء میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھاتے دیکھا تھا کیوں کہ اس وقت اکثر لوگ پاکستان کو ورلڈ کپ جیتنے کا اہل نہیں سمجھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دراصل پاکستان کے پاس ویسٹ انڈیز یا آسٹریلیا جیسے بڑے پلیئرز نہیں تھے، عمران نے وسیم اکرم جیسے نوجوان پلیئرز کے ساتھ جاکر ورلڈ کپ جیتا اس نے بطور کپتان بہت اچھا کھیلا۔

دوران انٹرویو انہوں نے پاکستان میں اپنی یادوں کو تازہ کیا اور کہا کہ پاکستان سے خوشگوار یادیں وابستہ ہیں، ماضی میں ہر جگہ گھومنے پھرنے جاتے تھے لیکن اب حالات مختلف ہیں۔