شہابی پتھر کی ویلنٹائن ڈے پر نیلامی کیوں ہوگی؟

February 04, 2019

سائبیریا سے ملنے والا دل کی شکل والا شہابی پتھر ویلنٹائن ڈے کے موقع پر نیلام کیا جائے گا۔

ایک نیلام گھر نے دل کی شکل والے شہابی ٹکڑے کی فروخت کا ارادہ ظاہر کیا ہے جو اپنی خاص شکل کی بنا پر لوگوں کے لیے کشش کا باعث ہے۔

اس شہابی پتھر(میٹیور) کو ہارٹ آف اسپیس کا نام دیا گیا ہے ، یہ پتھر 9 انچ جسامت رکھتا ہے اور اس کا وزن 10 کلو گرام (22 پونڈ) ہے۔

ماہرین کو توقع ہے کہ یہ 3 سے 5 لاکھ ڈالر تک میں فروخت ہوجائے گا، جبکہ اس شہابِ ثاقب کے ٹکڑے کو فروخت کرنے والی کمپنی کا خیال ہے کہ 14 فروری کو یومِ محبت کے موقع پر ہر امیر جوڑا اسے خریدنے کی کوشش کرے گا اور اس طرح شاید یہ مطلوبہ قیمت پر فروخت ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ سائبیریا میں فروری 1947 کو ایک بہت بڑا شہابِ ثاقب گرا تھا جس کی زوردار آواز 150 میل دور تک سنی گئی تھی اور اس زوردار تصادم سے اطراف کےجنگلات اور درختوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

شہابی پتھر کو اپنی تاریخی حیثیت کی وجہ سے ہی 3 سے 5 لاکھ ڈالر کی قیمت میں فروخت کرنے کا ادارہ ظاہر کیا گیا ہے۔