افغانستان میں جولائی سے پہلے طالبان سے معاہدے کی کوشش ہے، زلمے

February 09, 2019

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ افغانستان میں جولائی کے انتخابات سے پہلے طالبان سے امن معاہدے کی کوشش کی جائے گی۔

واشنگٹن میں یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ طالبان سے بات چیت بالکل ابتدائی مرحلے پر ہے۔ ایک لمبے سفر کے آغاز کے ابھی دو تین قدم ہی اٹھائے گئے ہیں۔ افغانستان کی سرزمین امریکا اور دوسرے ملکوں کیخلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

زلمے خلیل زاد نے افغان طالبان سے مذاکرات کی کوششوں میں پاکستان کے مثبت کر دار کی تعریف بھی کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت ہی مثبت کر دار ادا کیا۔ چاہتے ہیں پاکستان مزید کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ مفاہمت کی جو کوششیں پاکستان نے کی ہیں ان کی وجہ سے پاکستان اہم ملک کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کہ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات شروع ہوں۔