بلوچستان :محکمہ جنگلات وجنگلی حیات آج ’پلانٹ فارپاکستان ڈے‘ منائے گا

February 09, 2019

بلو چستان کا محکمہ جنگلات وجنگلی حیات آج کو ’پلانٹ فارپاکستان ڈے‘منائے گا، گورنر بلو چستان،وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی کابینہ اور اسمبلی کے اراکین مختلف مقامات پر پودے لگائیں گے۔

محکمہ جنگلات وجنگلی حیات کے مطابق پلانٹ فارپاکستان ڈے کے سلسلے میں کوئٹہ میں گورنر ہاؤس بلو چستان ،وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ،میاں غنڈی تفریحی پارک اور کرخسہ پارک میں پودے لگانے کی خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔

آج صوبہ بھرمیں 80ہزار پودے مختلف مقامات پر لگائے جائیںگے جبکہ شجرکاری مہم کے تحت سیزن میں 12لاکھ پودے صوبے کے مختلف اضلاع میں محکمہ جنگلات کے توسط سے تقسیم اور لگائے جائیں گے۔

اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا ہے کہ میں بلو چستان کے عوام سے توقع کرتا ہوں کہ وہ حکومتی مہم ’ہرگھر میں شجر ‘میں بڑھ چڑھ حصہ لیں گے اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات میں معاون ثابت ہوں گے۔

انہوںنے کہا کہ میں بلوچستان کے تمام سرکاری اداروں کے اہلکاروں کوبھی ہدایت کرتا ہوں کہ وہ نہ صرف اس مہم کا باقاعدہ حصہ بنیں بلکہ اس نیک کام میں متعلقہ حکام کی بھرپور معاونت کریں ۔میرے اس نعرے کہ’ ہر گھر میں شجر‘کو بلو چستان کے عوام نہ صرف کامیاب بنائیں گے بلکہ حکومت کے سرسبز بلو چستان کے مشن کو بھر پور طریقے سے سرانجام دیں گے۔