خیبرپختونخوا و آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز کو ہٹا دیا گیا

February 09, 2019

حکومت نے خیبرپختون خوا اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔

حکومت نے چیف سیکریٹری خیبرپختون خوا نوید کامران بلوچ کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے جبکہ ان کی جگہ گریڈ 21 کےمحمد سلیم کو چیف سیکریٹری خیبر پختون خوا تعینات کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے گریڈ 22 کے نوید کامران بلوچ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حکومت نے چیف سیکریٹری آزاد کشمیر خواجہ داؤد احمد کو بھی ہٹا کر ان کی جگہ مطہر نیاز رانا کو آزاد کشمیر کا چیف سیکریٹری تعینات کیا ہے۔

گریڈ 21 کے مطہر نیاز رانا ایڈیشنل سیکریٹری صنعت و پیداوار تعینات تھے۔

چیف سیکریٹری آزاد کشمیر کے عہدے سے ہٹانے کے بعد 21 گریڈ کے خواجہ داؤد احمد کو ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ مقرر کیا گیا ہے۔

خواجہ داؤد احمد کو 3 سال کےلیے ڈیپوٹیشن پر سپریم کورٹ میں تعینات کیا گیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان تمام تبادلوں اور تقرریوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔