کراچی میں تجاوزات آپریشن کیلئے نئی حکمت عملی

February 09, 2019

کراچی میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

اس حکمت عملی کے تحت غیر قانونی فلورز، پورشنز، زیر تعمیر، غیر رہائشی تعمیرات گرائی جائیں گی ۔

کراچی کی انتظامیہ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق آپریشن میں گیس، پانی، بجلی فراہم کرنے والے اداروں کی مدد لی جائے گی، اجازت نامے لے کر تجاوز کرنے والی تعمیرات کی فہرست بنائی جائے گی، جبکہ زمین کے استعمال کی تبدیلی کے اجازت ناموں کا جائزہ لیا جائے گا۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ مستقبل کی حکمت عملی سپریم کورٹ کے سامنے پیش کی جائے گی، جبکہ غیر قانونی رہائشی تعمیرات پر سندھ حکومت سے مشاورت کی جائے، کھیل کے میدانوں پر قبضے اور تعمیرات کی فہرستیں بناکر اس پر کارروائی کی جائے گی۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق کراچی میں 2003ء کے بعد زمینوں کی تبدیلی کا ریکارڈ تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے سلسلے میں کے ڈی اے کی تمام اسکیموں کے لیے آؤٹ پلان اور تعمیرات کی معلومات اکٹھی کی جائیں گی، جبکہ 3 ماہ میں آپریشن سے پہلے اور بعد کی تمام تصویریں فراہم کی جائیں گی۔