انسداد منشیات عدالتیں مقدمات کی سماعت کیلئے تھانوں کی بنیاد پر تقسیم

February 10, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پبلک پراسیکوٹر سید شمیم احمد نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ گورنمنٹ آف پاکستان وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے تحت انسداد منشیات کراچی کی عدالتوں کو دو مختلف کٹیگری والے تھانوں میں تقسیم کردیا گیا ہے،انسداد منشیات عدالت نمبر 1کی حدود میں پولیس اسٹیشن اے این ایف گلشن اقبال اور محمد علی سوسائٹی اور پولیس اسٹیشنز آف پاکستان کوسٹ گارڈ جبکہ انسداد منشیات کی عدالت نمبر 2کی حدود میں پولیس اسٹیشن اے این ایف کلفٹن اور پولیس اسٹیشنز پاکستان کسٹمز کراچی شامل ہیں،جبکہ اس سے پہلے کراچی کے مختلف تھانوں کی حدود کے منشیات کے مقدمات میں 100گرام منشیات سے اوپر کے مقدمات جن کو زیر دفعہ 69-Bاور 69-Cکہا جاتا تھا وہ انسداد منشیات کی عدالتوں میں چلائے جاتے تھے،لیکن اب گورنمنٹ کے نوٹی فکیشن کے بعد یہ تمام مقدمات ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو منتقل کردیے گئے ہیں،اس سے پہلے ڈسٹرکٹ کورٹس میں منشیات کے کیس کا مجسٹریٹ ٹرائل ہوتا تھاجس میں منشیات کی مقدار 100گرام سے کم ہوا کرتی تھی اسے سیکشن 69-Aکہا جاتا تھا۔ڈسٹرکٹ کورٹ میں کیمیکل ایگزامنیشن کی رپورٹ نہ ملنے کے باعث منشیات کے ہزاروں کیس التوا کا شکار ہیں،اگر حکومت توجہ دے اور کیمیکل ایگزامنر تعینات کردے اور اس ڈپارٹمنٹ پر خصوصی توجہ دے تو لوگوں کو بروقت انصاف مل سکتا ہے۔