زلفی بخاری کی کمیونٹی کیلئے خدمات، برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے تعریف

February 11, 2019

لندن (سعید نیازی) کمیونٹی کے لئے کاموں پر ارکان پارلیمنٹ نے وزیراعظم کے سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی مسائل کی ترقی کے خصوصی معاون ذوالفقار بخاری کو سراہا ہے اوورسیزپاکستانیوں کی مدد کیلئے سخت اور کوششوں پر برٹش پاکستانی ارکان پارلیمنٹ نے ان کی تعریف کی ہے۔ کابینہ کی سابق وزیر اور ٹوری ہائوس آف لارڈز کی رکن بیرونس سعیدہ وارثی اور لیبر کی ارکان پارلیمنٹ ناز شاہ، یاسمین قریشی اور یو کے پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر امجد خان نے برٹش پاکستانی کمیونٹیزسے متعلق امور پراپنے ساتھ سرگرمی سے مصروف عمل ہونے پر ذوالفقار بخاری کی تعریف کی ہے۔ ذوالفقار بخاری نے لندن آمد کے ایک دن بعد بریڈ فورڈ اور ڈیوز بری کا سفر کیا اور سات اجلاسوں میں شرکت کی جن میں کمیونٹی کے عام افراد سے ملاقات کے لئے بریڈ فورڈ کی مرکزی مسجد کے دورے کے علاوہ مقامی تجارتی رہنمائوں سے ملاقات کرکے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دینا شامل ہے۔ انہوں نے سہ پہر ایک کمیونٹی سینٹر کا دورہ کیا اور مقامی خواتین اور کمیونٹی کے ارکان سے ان کے ایشوز پر تبادلہ خیال کے لئے ملاقات کی، رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ان دوروں کا انتظام کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کے یژن کی حمایت کے لئے حقیقی لگن کا اظہار اور سخت محنت کررہےہیں ۔ناز شاہ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم کے مشیر کو ان مشکلات سے آگاہ کیا گیا جو اوور سیز پا کستا نیو ں کو پاکستان میں پیش آتی ہیں اور وزیراعظم کے مشیر نے یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل ترجیحی بنیاد پر دور کرینگے، ڈیوز بری میں سعیدہ وارثی نے انہیں پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے کام کرنے والی ویمنز امپاورمنٹ چیرٹی سویرافائونڈیشن کے خصوصی مہمان اور مقرر کے طورپر مدعو کیا ۔ سعیدہ وارثی نے کہا کہ انہوں نے ایونٹ میں ایک لاکھ پونڈ سے زائد جمع کئے، رکن پارلیمنٹ ٹرلیسی بریبن ، ہیٹلی اینڈ سپین کے لئے لیبر اور کوآپریٹیو کے رکن پارلیمنٹ اور ارلی ایئرزکے لئے شیڈومنسٹر اور پائولاشیرف، ڈیوزبری کے لئے رکن پارلیمنٹ اور شیڈو منسٹر برائے صحت بھی ایونٹ میں موجود تھے۔