نیویارک سٹی میں شاہراہ بانی پاکستان کے نام سے منسوب

February 11, 2019

نیویارک(این این آئی)امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں بروکلین کی ایک شاہراہ کے مصروف حصے کو پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے نام کر دیا گیا۔امریکی ٹی وی کے مطابق بروکلین کی شاہراہ کو دسمبر 2018میں محمد علی جناح سے منسوب کردیا گیا اور اب جس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔کونی آئس لینڈ ایونیو کوبانی پاکستان سے منسوب کرکے محمد علی جناح وے کا نام دینے کا فیصلہ 26دسمبر کو نیویارک سٹی کے کونسل میں ایک قرار داد کے ذریعے کیا گیا تھا جہاں پاکستانی برادری کی اکثریت رہائش پذیر ہے۔محمد علی جناح وے کا افتتاح کرنے والے سٹی کونسل کے رکن جمانے ولیمز نے کونسل میں اس حوالے سے قرار داد پیش کی تھی جبکہ افتتاحی تقریب میں پاکستانیوں کے علاوہ امریکی شہری بھی موجود تھے جہاں سبز پرچم کی بہار تھی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جارہے تھے۔سٹی کونسل کے رکن جمانے ولیمز نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ پاکستانی برادری کی خدمت کااعتراف اور ایونیو کا نیا نام دینے کے افتتاح کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے باخبر تھے کہ پاکستانی برادری نائن الیون کے حملے کے بعد سے مشکل میں تھے۔پاکستانی قونصل جنرل نعیم اقبال چیمہ نے کہا کہ یہ تقریب پاکستانی برادری اور نیویارک سٹی کونسل کے درمیان تعلق اور دوستی کی عکاس ہے۔انہوں نے پاکستانی امریکن یوتھ آرگنائزیشن کو ان کی بہترین خدمات اور امریکہ میں پاکستان کے وقار کو بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔نعیم اقبال چیمہ کا کہنا تھا کہ سٹی کونسل کا قائد اعظم کے اعزاز میں یہ فیصلہ ‘عظیم رہنما، بے باک وکیل اور انقلابی سیاسی رہنما کا اعتراف ہے جن کی لازوال جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان وجود میں آیا۔