’’گنے کے کاشتکاروں کو سرکاری ریٹ پر ادائیگی کی جائے‘‘

February 12, 2019

سپریم کورٹ آف پاکستان نے گنے کے کاشتکاروں کو سرکاری ریٹ پر ادائیگی کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

سپریم کورٹ میں گنے کے کاشتکاروں کو ادائیگی سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے تمام کین کمشنرز کو ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے کاشتکاروں کو 160 روپے فی من کے حساب سے ادائیگی ہوگی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ سندھ کے کاشتکاروں کو ادائیگی ہائی کورٹ حکم کے مطابق ہو گی، عدالت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل ایک ماہ میں مقرر کرنے کا حکم بھی دیا۔

کاشتکاروں کے وکیل نے عدالت کہا کہ شوگر ملز والے کاشتکاروں کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں۔

جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ شوگر ملز ادائیگیاں نہیں کرتیں تو کاشتکار انہیں گنا کیوں دیتے ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار گنے کی جگہ کوئی اور فصل اگا لیں، عدالت کاشتکاروں کو تنگ کرے گی نہ مل مالکان کو۔

سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس نمٹاتے ہوئے گنے کے کاشتکاروں کو سرکاری نرخوں پرادائیگی کرنے کا حکم دیا۔