سپر لیگ سے قبل بارش، موسم سہانا ہوگیا

February 13, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ شروع ہونے سے پہلے دبئی کا موسم خوشگوار ہوگیا۔ منگل کی صبح ہونے والی بارش نے موسم کو سہانا بنادیا تاہم بارش کے باعث آئی سی سی اکیڈمی میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹریننگ سیشن منسوخ کردیا گیا۔ بارش کی وجہ سے آئی سی سی اکیڈمی کا میدان خشک نہ ہوسکا۔پی ایس ایل انتظامیہ کا کہنا ہے کرکٹرز کو انجریز سے محفوظ رکھنے کے لیے گیلے میدان پر پریکٹس کا خطرہ مول نہیں لیا گیا۔ سپر اسٹار اے بی ڈیویلیئرز اور ہارڈس ویلجوئن نے لاہور قلندرز جبکہ ویسٹ انڈین بیٹسمین ڈیوائن اسمتھ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو گزشتہ رات ہی جوائن کرلیا تھا۔ شاہد آفریدی نے پیر کی شب کراچی میں اپنے دوست سلیم صالح کے بیٹے ہمایوں کی شادی میں شرکت کی اور وہ منگل کو دبئی روانہ ہوگئے۔ شاہد آفریدی اس سال ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔