سب ملے ہوئے ہیں،کوئی بھی جمہوریت پسند نہیں ، تجزیہ کار

February 13, 2019

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ سب ملے ہوئے ہیں ان میں سے کوئی بھی جمہوریت پسند نہیں ہے،اس وقت اپوزیشن کی مال بچاؤ، کھال بچاؤ اور آل بچاؤ فلم چل رہی ہے، سعد الحریری بیان پر نون لیگ کا ردعمل نہیں آتا تویہ اس بات کی تصدیق ہوگی، آج تک کسی حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پیش نہیں کیں تو پی ٹی آئی حکومت کیوں کرے گی۔ان خیالات کا اظہار مظہر عباس، حسن نثار، بابر ستار، حفیظ اللہ نیازی اور ارشاد بھٹی نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان کے پہلے سوال شیخ رشید کے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں آنے کے مطالبہ پر پی ٹی آئی میں مخالفت، تحریک انصاف کے اراکین کی اپنے ہی اتحادی کی مخالفت کرنے کی وجہ کیا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ حکمرانی سنجیدہ کام ہے، شیخ رشید کی باتوں سے پی ٹی آئی میں دراڑ پیدا ہوئی تو دونوں کو نقصان ہوگا۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ راجا ریاض تحریک انصاف میں ہیں مگر انہوں نے پوری عمر پیپلز پارٹی میں گزاری ہے، ان کی ٹریننگ ہی مک مکاؤ اور مٹی پاؤ کی ہے، خورشید شاہ دھمکی دے رہے ہیں کہ شہباز شریف کو ہلایا تو حکومت اسمبلی نہیں چلاپائے گی، یہ سب ملے ہوئے ہیں ان میں سے کوئی بھی جمہوریت پسند نہیں ہے، اس وقت اپوزیشن کی مال بچاؤ، کھال بچاؤ اور آل بچاؤ فلم چل رہی ہے۔حسن نثار نے کہا کہ راجا ریاض معصوم آدمی ہے پی ٹی آئی میں کسی کے ہاتھوں استعمال ہورہا ہے، یہ سب مل بھی جائیں تو ایک شیخ رشید ان پر بھاری ہے، میڈیا پر سب سے ز یادہ ریٹنگ شیخ رشید کی آتی ہے اس لئے سب اس سے خوفزدہ ہیں۔مظہر عباس کا کہنا تھا کہ ریاض فتیانہ اور راجا ریاض اس لئے شیخ رشید کی رکنیت کی مخالفت کررہے ہیں کہ اگر انہیں نامزد کیا گیا تو ان دونوں میں سے کسی کی پی اے سی کی رکنیت جاسکتی ہے۔