جامعہ کراچی: انجمن اساتذہ کا دو گھنٹے کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان، وی سی کی برطرفی کا مطالبہ

February 13, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کا احتجاج چوتھے ہفتے سے جاری ہے اور پچھلے ہفتے سے شروع ہونے والے احتجاج میں منگل کو بھی انتظامی بلاک کے سامنے ایک بڑی تعداد میں اساتذہ نے جمع ہوکر احتجاج کیا۔اس موقع پر انجمن اساتذہ نے آج صبح 11 سے ایک بجے تک کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں انتظامی بلاک کے سامنے دھرنے کا عندیہ بھی دیا۔واضح رہے کے انجمن اساتذہ وائس چانسلر کے خلاف پچھلے تین ہفتوں سے سراپا احتجاج ہے اور اپنے مطالبات میں انتظامیہ کی طرف سے ہوئے تساہل پر اساتذہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔احتجاج میں شامل شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ریاض، ڈاکٹر ثمینہ حسنین سمیت دیگر مقررین نے وائس چانسلر کے رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے انکی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا۔اس موقع پر صدر انجمن انیلا امبر ملک نے احتجاج کو اگلے مرحلے میں لے جاتے ہوئے کل صبح گیارہ بجے سے ایک بجے تک کلاسز کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے اگلے مرحلے میں انتظامی بلاک کے سامنے مکمل دھرنا کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔