عوامی مسائل کا ادراک ہے، حل کرنے کا علم بھی، مصطفیٰ کمال

February 16, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے نیو کراچی 5B ون گورنمنٹ بوائز اینڈ گرلز اسکول کے دورے پر اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوامی مسائل کا ادراک ہے اور انہیں حل کرنے کا علم بھی ہے جیسے کہ پاک سر زمین پارٹی کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے علیحدہ کیا جائے کیونکہ کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنانے سے کراچی کو تعمیرات کے حوالے سے ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے اور آج خود سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سندھ حکومت کو خط لکھا ہے کہ موثر نتائج کے حصول کے لیے کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے طرز پر صوبے بھر کے ہر ڈویژن میں ایک ادارہ ہونا چاہیے جو وہاں کے میونسپلٹی کے ماتحت کام کرے تاکہ مقامی مسائل کو وہاں کے لوگ خود حل کریں۔ اب بھی اگر سندھ حکومت کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے علیحدہ کر رہی ہے جو کہ خوش آئند اقدام ہے تو اس کی بھرپور حمایت کریں گے کیونکہ جب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بنا ہے تب سے ہی ادارہ اپنی افادیت کھو بیٹھا اور ادارے میں پورے صوبے کی سطح پر کام کرنے کی صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے کراچی کا ماسٹر پلان تباہ ہوگیا ۔