سندھ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کا چوتھا دن، مریض بے حال

February 16, 2019

کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز اور وارڈز میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کا آج چوتھا دن ہے۔

اوپی ڈیز اور وارڈز میں ڈاکٹروں نےآج بھی کام چھوڑ ہڑتال جاری رکھی ہے، جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی اپیل پر سول اسپتال حیدر آباد، جامشورو، شاہ بھٹائی لطیف آباد، تعلقہ اسپتال پریٹ آباد، قاسم آباد، کوہسار سمیت تمام سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کا چوتھے روز بھی علاج بند ہے۔

سکھر، بدین، نواب شاہ، ٹنڈو محمد خان، پڈ عیدن، جیکب آباد، کشمور اور شکار پور کے اسپتالوں میں بھی ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

تنخواہوں میں اضافے، پروموشن اور مستقل ملازمتوں کے لیے ڈاکٹروں نے احتجاج کر رکھا ہے۔