تھر میں غذائی قلت وبیماریوں سے مزید 7 بچے دم توڑ گئے

February 17, 2019

اسلام کوٹ(رپورٹ:عبدالغنی بجیر)صحرائے تھر میں غذائی قلت وبیماریوں سے مزید 7 بچے دم توڑ گئے ہیں۔گذشتہ دو روز کے دوران سول اسپتال مٹھی میں دم توڑنے والے بچوں میں احسان کا نومولود بچہ،نو ماہ کا بچہ راجيش،محب کی نومولود بچی،دس ماہ کی بچی سپنا،ایک ماہ کی بچی راحیلہ،عبدالغنی اور سومجی کے نومولود بچے شامل ہیں۔جس کے بعد رواں ماہ کے دوران ہلاکتوں کی کل تعداد 30 ہو گئی ہے۔گذشتہ روز ضلع بھر کے صحت مراکز میں 200 سے زائد بچے زیر علاج تھے۔ڈاکٹرز کے مطابق اکثریت ان بچوں کی ہے جن کا پیدائشی وزن بہت کم ہے۔دوسری جانب تھر کی تعلقہ اسپتالوں،رورل ہیلتھ سینٹرز اور بنیادی صحت مراکز میں ادویات کی شدید قلت ہے۔نتیجے میں بیمار بچوں کا علاج ایک مسئلہ بن کر رہ گیا ہے۔ حکومت سندھ اعلانات کے باوجود مویشیوں کو چارہٍ فراہمی سمیت درکار ہنگامی امداد کی فراہمی کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔صحرائے تھر کے مکینون نے سندھ و وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ تھر کے دیہات میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کر کے لوگوں کی مدد کی جائے اور اسپتالوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے۔