غیر قانونی چیکنگ: کراچی ٹریفک پولیس کے 17 افسران و اہلکار معطل

April 27, 2024

فائل فوٹو

کراچی ٹریفک پولیس کے 17 افسران و اہلکاروں کو غیر قانونی چیکنگ کرنے پر معطل کردیا گیا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ایس او محمود آباد سمیت 17 افسران اور اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق محمود آباد ٹریفک سیکشن کے اہلکار ایکسپریس وے اور کاز وے پر چیکنگ کرتے تھے۔ اہلکاروں اور افسران کو وارننگ دی گئی کہ ٹریفک پولیس شہریوں کو بلاوجہ تنگ نہ کرے۔

ترجمان کے مطابق معطل اہلکاروں کو پولیس لائن رپورٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ جاتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

دوسری طرف ڈی آئی جی ٹریفک نے اعلان کیا ہے کہ چالان آفیسر بغیر باڈی کیمرے کے چالان نہیں کریں گے، ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کو بلاوجہ تنگ نہ کریں۔