لاہور: جائیداد کے تنازع پر بہن اور بھانجی قتل

February 17, 2019

لاہور فیکٹری ایریا میں بھائی نے جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کرکے ایک بہن اور بھانجی کو قتل اور دوسری بہن اور بھانجے کو زخمی کردیا۔

واردات کےچندگھنٹے بعد ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا، مقابلےکے دوران ملزم کی نشاندہی کے لیے پولیس کے ساتھ جانے والا اس کا بھائی بھی مارا گیا۔

پولیس کے مطابق فیکٹری ایریا غازی روڈ پر وقاص نامی شخص نے جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسکی بہن نسرین اور بھانجی بسمہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ نسرین کا بیٹا احمد اور ملزم کی دوسری بہن پروین زخمی ہوگئی۔

واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے لاشوں اور زخمیوں کو جنرل اسپتال منتقل کردیا جبکہ فرانزک ٹیموں نے جائے واردات سے شواہد اکٹھے کرلیے۔

پولیس کے مطابق واردات کے چند گھنٹے بعد ملزم کے بھائی کو ساتھ لیکر ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپا مارا تو اس نے فائرنگ کردی جس سے ملزم کا بھائی شاہد ایس ایچ او عتیق ڈوگر اور دو اہلکار زخمی ہوگئے، جن میں سے شاہد اسپتال میں دم توڑ گیاجبکہ پولیس کی جوابی فائرنگ سےملزم مقصود موقع پر ہلاک ہوگیا۔