کرپشن کیخلاف میرے اور شہزادہ محمد کے خیالات یکساں ہیں، عمران خان

February 18, 2019

اسلام آباد(ایجنسیاں، جنگ نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو دونوںممالک کے مابین گہرے تعلقات کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورہ سے دونو ں برادر ممالک کے مابین تزویراتی اور اقتصادی تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کیخلاف میرے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خیالات یکساں ہیں، کسی کو سعودی عرب پر حملے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیر اعظم نے ان خالات کا ا ظہاراتوار کو سعودی گزٹ میں شائع شدہ ایک انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات کے پر امن حل کے لئے بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے کے لئے ملک کر کوششیں کر سکتے ہیں‘دونوں ممالک افغانستان میں امن و عمل کے سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان کا کہناتھاکہ گوادر میں سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان کو بہت فائدہ ہو گا۔عمران خان نے سی پیک میں سعودی عرب کی شمولیت کابھی خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے پورے خطے کو فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہاکہ ہم مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں میں کوئی فرق رواں نہیں رکھ رہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گوادر میں سعودی آئل ریفائنری سے مقامی پیداوار اور توانائی کی مقامی منڈی کو ترقی ملے گی۔سعودی آئل ریفائنری پاکستان میں سعودی عرب کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو گی۔دہشت گردی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ افغانستان سے سوویت یونین کے انخلاءاور خطے میں امریکا کی عدم دلچسپی کے بعد پاکستان نے دہشت گردی کے مسئلے کا تنہاسامنا کیا‘پاکستان دنیا میں کہیں بھی کسی پراکسی جنگ میں حصہ دار نہیں بنے گا بلکہ ہم امن میں حصہ دار بننے کے خواہاں ہیں۔پاکستان کسی بھی ملک کے داخلی معاملات میں علاقائی طاقتوں کی مداخلت کے خلاف ہے۔اسلامی فوجی اتحادکسی خاص ملک، خطے یا فرقے کے خلاف نہیں‘یہ اتحاد دہشت گردی کے خلاف تمام مسلم ریاستوں کی مشترکہ جنگ کے لئے اتحاد ثابت ہو گا۔پاکستان کا اعلانیہ موقف ہے کہ وہ کسی کو سعودی عرب پر حملے کی اجازت نہیں دے گا اور کسی بھی شکل میں سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری کو خطرہ ہوا تو پاکستان اس کے ساتھ کھڑاہو گا‘ہم سعودی عرب کو اتنا ہی محفوظ دیکھنے کے خواہاں ہیں جتناپاکستان کو۔