یورپی ممالک شام میں اسیر اپنے داعش جنگجوئوں کو تحویل میں لیں، ٹرمپ

February 18, 2019

واشنگٹن (مانیٹر نگ سیل)امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ برطانیہ اور دوسرے یورپی اتحادیاپنے ممالک سے تعلق رکھنے والے شام میں کرد فورسز کی قید میں موجود داعش کے 800 سے زیادہ جنگجوؤں کو واپس لیں اور اُن پر مقدمات چلائیں۔ ʼامریکہ یہ نہیں دیکھنا چاہتا کہ داعش کے یہ جنگجو یورپ کا رخ کریں،ہم نے بہت کچھ کیا ہے ،دوسری صورت میں ہم انہیں چھوڑدینے پر مجبور ہونگے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں برطانیہ اور دوسرے یورپی اتحادیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے ممالک سے تعلق رکھنے والے داعش کے 800 سے زیادہ جنگجوؤں کو واپس لیں اور اُن پر مقدمات چلائیں۔اِسی دوران امریکی حمایتی کرد فورسز شام اور عراق کے سرحدی علاقے میں داعش کے بچے کُچے جنگجوؤں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر رہی ہیں۔یہ جنگجو شام میں نام نہاد داعش کے خلاف جنگ کے آخری مرحلے کے دوران گرفتار ہوئے ہیں۔ اِن جنگجوؤں کا تعلق مختلف یورپی ممالک سے ہے اور یہ اِس وقت کرد فورسز کی قید میں ہیں۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ داعش کی خلافت ʼ گرنے کے قریب ہے۔اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ʼامریکہ یہ نہیں دیکھنا چاہتا کہ داعش کے یہ جنگجو یورپ کا رخ کریں۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں اِن کے جانے کی توقع ہے۔ ہم بہت کچھ کرتے ہیں اور بہت خرچ کرتے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ دوسرے سامنے آئیں اور اپنا کام کریں جو وہ بہت اچھی طرح کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسری صورت میں امریکہ اِن جنگجوؤں کو چھوڑ دینے پر مجبور ہو گا۔ٹرمپ انتظامیہ کے اہلکاروں نے اخبار سنڈے ٹیلی گراف سے اِس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ گرفتار ہونے والے بعض جنگجوؤں کو اگر انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا تو وہ یورپی ممالک کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔صدر ٹرمپ کے الفاظ برطانیہ کے انٹیلیجنس چیف ایلکس ینگر کے بیان سے مطابقت رکھتے ہیں جنھوں نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ شام میں شکست کے باوجود داعش مزید حملوں کیلئے خود کو دوبارہ سے منظم کر رہی ہے۔انھوں نے ایسے جنگجوئوں کی یورپ واپسی کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا جن کے پاس خطرناک تربیت اور نیٹ ورک ہے۔صدر ٹرمپ کی یہ ٹوئٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب برطانیہ میں شمیمہ بیگم کے معاملے پر ایک تنازع پیدا ہو گیا ہے۔ شمیمہ بیگم اُن تین لڑکیوں میں سے ایک تھیں جو داعش میں شامل ہونے کے لیے 2015 میں لندن سے شام چلی گئی تھی۔شمیمہ بیگم نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ واپس آنا چاہتی ہےتاہم برطانوی حکومت اِس سلسلے میں کوئی اقدامات نہیں کر رہی ہے۔