مرکز اسلامی شہر کا اہم منصوبہ، شہریوں کو فائدہ نہیں ہورہا، میئر کراچی

February 20, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ مرکز اسلامی شہر کا اہم ترین منصوبہ ہے مگر بد قسمتی سے ابھی تک شہریوں کو اس سے فائدہ نہیں ہورہا لہٰذا اس منصوبے کو فوری طور پر قابل استعمال بنایا جائے ریونیو کو بہتر کئے بغیر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے نظام کو چلانا مشکل ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ جاتی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، مشیر مالیات ڈاکٹراصغر عباس شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر نے ہدایت کی کہ ریکوری سے متعلق محکموں کے افسران کوششوں کو تیز اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو میں اضافہ کریں ہر ماہ ریونیو افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا،لانڈھی اسپورٹس کمپلیکس کے منصوبے کو بھی بہتر طریقے سے استعمال میں لایا جائے اور اس کے لئے تیز ترین اقدامات کئے جائیں، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام فلاحی منصوبوں اور اسپورٹس کمپلیکسز میں تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہے اگر اس سلسلے میں کوئی شکایت موصول ہوئی تو متعلقہ محکمہ جاتی سربراہ کے خلاف کارروائی ہوگی جبکہ چائنا گرائونڈ میں پارک تعمیر کرنے کے لئے پی سی ون تیار کیا جائے، چڑیا گھر کی چار دیواری کی تعمیر اور سیوریج کی نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے فوری کام شروع کیا جائے۔