قیمتی انسانی جانوں کا زیاں کسی صورت قابل قبول نہیں،مصطفیٰ کمال

February 20, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہےکہ ہمیں قیمتی انسانی جانوں کا زیاں کسی صورت قابل قبول نہیں،کراچی میں تسلسل کے ساتھ سیاسی کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ شہر کا امن خراب کرنے کی سازش ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےعبدالحسیب خلجی کے بھائی سے تعزیت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر انہوں نے پی ایس 122 سے پارٹی کے امیدوار عبدالحبیب خلجی کی شہادت پر انکے بھائی قاسم خلجی اور اہل خانہ سے افسوس کا اظہار اور دہشتگردی کے واقع کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ جس میں پارٹی کی تمام سیاسی و تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی، انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آنے سے پہلے یہاں را کا تسلط تھا جس سے آج بھی سیاسی محاذ پر ہماری جنگ جاری ہے۔ پاک سر زمین پارٹی کے رہنماؤں کو مستقل دھمکیاں موصول ہوتی رہتی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی حکومت کی جانب سے کسی قسم کی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی۔