سعودی ولی عہد کا استقبال، کانگریس کی مودی پرتنقید

February 20, 2019

بھارت میں انتخابی سال ہے، دونوں بڑی سیاسی جماعتیں ووٹروں کو اپنی اپنی جانب مائل کرنے کے لیے کسی بھی حد سے گزرنے کو تیار دکھائی دے رہی ہیں۔

ایک جانب جہاں مودی اور اُن کی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی بغیر ثبوت، بغیر تحقیقات کے مسلسل پاکستان پر پلوامہ حملے کا الزام لگا رہی ہے وہاں کانگریس نے بھی موقع ضائع کیے بغیر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خود استقبال کرنے پر نریندر مودی کو شدید ہدف تنقید بنایا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان نے مسعود اظہر سے متعلق بھارت کا مطالبہ مسترد کر دیا اور سعودی عرب نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کو کوششوں کو خوب سراہا،لیکن اس کے باوجود نریندر مودی نے سعودی ولی عہد کا شاندار استقبال کیا۔

کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سورجے والا نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کیا پلوامہ میں مرنے والوں کو یاد کرنے کا مودی کا یہی طریقہ ہے۔

اپنے سرکاری ٹوئٹر اکاونٹ پر کانگریس نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم مودی نے پورے بھارت کو دکھا دیا ہے کہ اُن کی نظر میں اپنے سپاہیوں اور ملک کے لیے جان دینے والوں کی خدمات اور قربانیوں کی کتنی اہمیت ہے۔